مختصر تعارف
ابو المحاسن ڈاٹ کام کی شروعات
لکھنے پڑھنے کی اس دنیا میں اچھا لکھنے والے، اور کشادہ نظر و فکر قلمکاروں کی کمی نہیں ہے، سوشل میڈیا کی مقبولیت نے ان کی تحریروں سے استفادہ بھی بہت آسان کردیا ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور عروج میں اردو کی ہزاروں ویب سائٹس، ویب پورٹلز، اور بلاگز اپنے طور پر اچھی خدمات انجام دے رہے ہیں، اور خاموشی کے ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ کا کام وسیع پیمانے پر انجام دے رہے ہیں۔
ہماری بھی خواہش تھی کہ اربابِ ذوق اور اصحاب علم سے استفادہ اور تبادلہ خیال کے لئے ایک پلیٹ فارم ہو، علم و ادب کی شمع سے ہمارے ذہن و دل روشن ہوں، چنانچہ شروع سال( شوال 1444ھ مطابق 2023) سے راقم اور منصف بھائی ( مفتی محمد منصف قاسمی) تگ و دو میں لگے ہوئے تھے کہ ایک ویب سائٹ شروع کریں، غور و خوض اور باذوق دوستوں کے مشورہ سے ابو المحاسن ڈاٹ کام ( https://abulmahasin.com ) نام رکھا، جو منسوب ہے عظیم مفکر، کامیاب قائد و سیاست داں، فقیہ النفس حضرت مولانا ابو المحاسن محمد سجادؒ کی جانب۔
کرم فرماؤں اور اپنوں نے بڑی حوصلہ افزائی کی، ہمارے لئے یہ ایک مسرت بخش انکشاف تھا کہ حوصلہ شکنی اور عدم تعاون کے دور میں بھی مخلصین کی کمی نہیں، جنہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، مفید مشوروں سے نوازا، حوصلہ افزائی کے ان چند کلمات، اور خلوص کی اثر پذیری نے منزل کا نیا پڑاؤ تلاشنے میں ہمیں بڑی مدد دی۔ اور خوش گوار تبدیلی کی راہ ہموار کی۔
ہمارے کمپیوٹر کے استاذ مولانا راشد عزیری ندوی نے ذاتی دلچسپی لے کر ویب سائٹ کا لوگو بنادیا، بافیض دوستوں نے اہم مشورے دئے، جس کی وجہ سے ویب سائٹ کی ہیئت و ساخت خوب سے خوب تر کی کوشش آسان ہوگئی، ایک ماہ قبل اس کی شروعات کی، ابتدائی مرحلے میں ہی اچھے خاصے لوگ ویب سائٹ پر آچکے ہیں، اور آرہے ہیں، معتبر قلم کاروں نے اپنی تحریروں سے نوازا، ان سب کا دل سے شکر گزار ہوں۔
اب جب کہ چیزیں کچھ پیش کرنے کے لائق ہوئیں، تو سوچا اپنے احباب کو بتائیں، ان کا علمی و ادبی تعاون مانگیں، دعاؤں کی سوغات لیں۔
ہمارا ارادہ ہے کہ تحقیقی مواد فراہم کریں، تاریخی تہذیبی، حقائق سے آگاہ کریں، اسلامی فکر راسخ کریں، نئے باہمت قلمکاروں کو شائع ہونے کے لئے موقع فراہم کریں، فکر و نظر کی نئی جہتیں تلاش کریں، اور علم و آگہی کا نیا چراغ روشن کریں۔
✍️مدیر تحریر: ابوالمحاسن ڈاٹ کام