نام کتاب: سب سے آسان ترجمہ قران مجید

مترجم: ڈاکٹر مفتی اشتیاق احمد دربھنگوی

صفحات: 616 ۔A_4
قیمت: 350/ روپئے

ناشر : مکتبہ ادیب دیوبند

تبصرہ نگار: سفیان مظفر

قرآن تمام گمشدہ سچائیوں کا احیاء اور صداقت ربانی کا آخری صحیفہ ہے ۔ اس کی تعلیمات معاشرہ انسانی کی فلاح و نجات کیلئے قطعی ہیں اور وہ تمام انسانوں کو ایک خدا کی چوکھٹ پر لانے کی دعوت ہے۔ قرآن کریم کے معانی ، مفاہیم اور اسالیب کو دور اول سے ہی موضوع بنایا گیا ہے اور مراد خداوندی کو سمجھنے کے لیے حد درجہ مساعی کی گئیں ہیں ، ہر خطے کے علماء نے ہر زمانے میں اپنی زبان میں کلام الٰہی کو سمجھنے اور سمجھانے کی کامیاب کوششیں کی ہیں۔

اردو زبان کے وجود پذیر اور رائج ہونے کے بعد سب سے پہلا ترجمہ شاہ رفیع الدین رحمہ اللہ نے کیا پھر اردو میں ترجمہ و تفاسیر کا ایک لمبا سلسلہ ہے جس میں پچھلوں نے اگلوں کے کام میں بلحاظ ضرورت تسہیل کی ہے ، ہر ایک نے اپنے وقت کے لحاظ سے سب سے آسان ترجمہ پیش کی ہے ، مگر گزرتے وقت کے ساتھ محاورات و اسالیب بدلتے رہتے ہیں ، اس لیے پچھلوں کے لیے وہ محاورات اور تراکیب نامانوس بن جاتے ہیں۔ زیر نظر ترجمہ اس وقت اردو کا سب سے آسان ترجمہ ہے جس کو آپ بجا طور پر”سہل ممتنع” کہہ سکتے ہیں۔

یہ کتاب استاذ محترم ڈاکٹر مفتی اشتیاق دربھنگوی کے قلم کا شاہکار ہے ، جس کا شوق ان کے استاذ و مربی حضرت اقدس مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری رحمۃ اللہ علیہ بھر گئے تھے ، یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یہ ان کی اس آرزو کی تکمیل ہے جو انہوں نے اپنے لائق شاگرد سے کی تھی اور سعید کے اس ایماء کو انہوں نے اپنی سعادت سمجھ کر پورا کیا۔

اس ترجمہ کو لکھنے کے لیے جہاں مترجم نے قدیم تراجم و تفاسیر اور لغات کو سامنے رکھا ہے وہیں ہر خطے کے محاورات کی بھی خوب چھان پھٹک کی ہے ، یوں تو خود جناب مترجم بلند پایہ ادیب ہیں اور فقہ اللغہ میں ان کا ایک خاص مقام ہے ، کبھی کسی لفظ کے حسن و قبح اور لہجہ و صوت پر گفتگو کرنے لگتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس سے پہلے تو ہم نے اس لفظ کو جانا ہی نہ تھا ، مگر اس کے باوجود ترجمہ کو سہل ممتنع بنانے کےلیے بڑی عرق ریزی سے کام لیا ہے۔ ترجمہ نگاری کے دوران خلوت ان کو اس قدر محبوب ہوگئی تھی کہ ہمیشہ خلوت کے خواہاں اور جلوت سے گریزاں رہا کرتے تھے۔ اس ترجمہ کو حافظی قرآن مجید کے حاشیے پر شائع کیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے کسی بھی آیت کا تلاشنا بہت آسان ہوگیا ہے ، دیگر تراجم میں یہ خصوصیت موجود نہیں ہے۔ کتاب کا سرورق نہایت جاذب نظر، طباعت بہت معیاری اور قیمت بہت مناسب ہے تاکہ استفادہ عام ہوسکے۔

اس ترجمہ کا ہم طلبہ کو بڑی شدت سے انتظار تھا کہ ہم اس سے مستفید ہوسکیں۔ ہم استاذ محترم جناب ڈاکٹر مفتی اشتیاق دربھنگوی (استاد تفسیر و فقہ دارالعلوم دیوبند)کے بےحد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنے سالہا سال کے شب و روز کی محنت کے ذریعے تراجم میں ایک گراں قدر اضافہ فرمایا ہے۔

Leave a Reply