معروف شاعر فرد الحسن فرد اور اردو دوست شخصیت سید شکیل حسن ایڈوکیٹ کا انتقال سرزمین عظیم آباد کا ناقابل تلافی نقصان :

” کاروان ادب”

حاجی پور(. نمائندہ ) اردو کے معروف شاعر و ادیب فرد الحسن فرد اور اردو دوست شخصیت سید شکیل حسن ایڈوکیٹ کے انتقال پر "کاروان ادب” ،حاجی پور کے صدر مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی اور جنرل سکریٹری ٹری انوار الحسن وسطوی نے اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ جناب فرد الحسن ایک اچھے شاعر، بہترین نثر نگار، ایک خوش اخلاق اور ملنسار انسان تھے- وہ پٹنہ کے مشہور "ارم پبلکیشن” دریا پور کے مالک تھے- انہوں نے ادبا و شعرا کی تقریبا 400 کتابیں شائع کی تھیں- اردو ان کا اوڑھنا بچھونا تھا – لہذا ہمارے درمیان سے اچانک ان کا اٹھ جانا اردو شعر و ادب کا ایک نا قابل تلافی نقصان ہے- ” کاروان ادب” کے صدر اور جنرل سکریٹری نے سید شکیل حسن ایڈوکیٹ کے تعلق سے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ موصوف گرچہ ادیب و شاعر نہیں تھے، لیکن وہ کافی پڑھے لکھے اور ایک دانشور تھے- وہ اردو نواز اور ادب نواز شخصیت تھے- اپنے سینے میں ملت کا بے پناہ درد رکھتے تھے-

وہ ادبی اور مذہبی جلسوں میں پابندی سے شرکت کرتے تھے- بڑی بڑی ادبی و مذہبی شخصیتوں سے ان کے مراسم تھے – وہ بالخصوص محبان اردو کے درمیان بہت مقبول تھے- انہیں لوگ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے- وہ بذریعہ فون اپنے چاہنے والوں سے مربوط رہتے تھے – کسی کی تحریر اخبار یا رسالے میں شائع دیکھتے تو اسے شاباشی دیتے اور اپنے تاثرات سے نوازتے- تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ فرد الحسن فرد اور سید شکیل حسن ایڈوکیٹ ایسی متحرک، فعال اور باغ و بہار طبیعت کے انسانوں کا اٹھ جانا واقعی باعثِ ملال ہے- دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کی لرزشوں کو درگزر فرما کر انہیں جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے – "کار وان ادب” کے نائب صدر ڈاکٹر بدر محمدی، سکریٹریز سید مصباح الدین احمد مولانا قمر عالم ندوی کے علاوہ محمد عظیم الدین انصاری، ماسٹر محمد فدا الہدی، ڈاکٹر عارف حسن وسطوی، مولانا نظر الہدی قاسمی،عبدالرحیم برہولیاوی ، قمر اعظم صدیقی اور مظہر وسطوی، اردو کونسل، ویشالی کے صدر نسیم الدین احمد صدیقی ایڈوکیٹ، نائب صدر نصر امام اور ڈاکٹر تابش عبید اللہ خاں وغیرہ حضرات نے بھی جناب فرد الحسن فرد اور سید شکیل حسن ایڈوکیٹ کے انتقال پر اپنے گہرے ملال کا اظہار کیا ہے اور اللہ رب العزت سے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے-