دارالعلوم وقف دیوبند کے سیمینار کے دوران 14 دسمبر کو حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے انتقال کا اعلان

دیوبند (خصوصی رپورٹ):

دارالعلوم وقف دیوبند میں ”علامہ محمد انور شاہ کشمیری: حیات، افکار اور خدمات“ کے موضوع پر 13 اور 14 دسمبر 2025ء کو منعقد ہونے والے دو روزہ علمی سیمینار کے دوسرے دن، اتوار 14 دسمبر 2025ء کو حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ کے انتقال کا اعلان کیا گیا، جس سے سیمینار کے شرکاء اور اہلِ علم و تصوف میں گہرے رنج و غم کی کیفیت پیدا ہو گئی۔

سیمینار کے دوران اسٹیج پر موجود حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری کو فون کے ذریعے ان کے شیخ و مرشد حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے وصال کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر وہ شدید صدمے کے عالم میں آ گئے۔ اس کے فوراً بعد مولانا احمد خضر شاہ صاحب مسعودی نے مجمع کو باضابطہ طور پر حضرت کے انتقال کی اطلاع دی۔

دارالعلوم وقف دیوبند کے سیمینار کے دوران 14 دسمبر کو حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے انتقال کا اعلان
دارالعلوم وقف دیوبند کے سیمینار کے دوران 14 دسمبر کو حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے انتقال کا اعلان

بعد ازاں صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مرحوم کے لیے اجتماعی دعا کرائی، جس میں دارالعلوم وقف دیوبند کے اساتذہ، طلبہ اور سیمینار کے شرکاء نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کا وصال 22 جمادی الاخری 1447ھ مطابق 14 دسمبر 2025ء، بروز اتوار ہوا۔ ان کے وصال سے ایک روز قبل 21 جمادی الاخری 1447ھ مطابق 13 دسمبر 2025ء کو حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندیؒ کا انتقال ہوا تھا، جسے اہلِ علم و تصوف نے حالیہ عرصے کا ایک بڑا علمی و روحانی سانحہ قرار دیا ہے۔

حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ سلسلۂ نقشبندیہ مجددیہ کے ممتاز بزرگ اور حضرت مولانا پیر غلام حبیب نقشبندیؒ (چکوال) کے خلیفہ و جانشین تھے، جبکہ حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندیؒ حضرت پیر غلام حبیب نقشبندیؒ کے فرزند تھے۔

حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے خلفاء اور مستفیدین برصغیر کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور امریکہ میں موجود ہیں، جن کے ذریعے مختلف ممالک میں دینی و اصلاحی خدمات انجام دی گئیں۔

Leave a Reply