خطباتِ اعجاز — ایک تعارف

بقلم: اشتیاق احمد قاسمی

حضرت مولانا اعجاز احمد اعظمیؒ دارالعلوم دیوبند کے فیض یافتہ علما میں ایک ممتاز و نمایاں مقام رکھتے تھے۔ آپ کی تحریر و تقریر یکساں طور پر عوام و خواص کے درمیان مقبول تھی، بالخصوص طلبہ کے سامنے آپ کے خطابات دلنشین، پُراثر اور دلوں میں اتر جانے والے ہوا کرتے تھے۔ آپ کی تقریر میں خلوص و للہیت کی خوشبو، دردِ دل کی حرارت اور اصلاحِ حال کی فکر نمایاں طور پر نظر آتی تھی۔

خطباتِ اعجاز — ایک تعارف
خطباتِ اعجاز — ایک تعارف

طلبہ کو دینی ذوق و شوق سے معمور کرنا اور انہیں خدمتِ دین کے میدان میں عملی قدم رکھنے کی ترغیب دینا آپ کا خاص امتیاز تھا۔ بہت سے طلبہ نے آپ کے خطابات سے متاثر ہو کر اپنی زندگی کا رخ بدل لیا اور علمِ دین کے ساتھ اس کی اشاعت و خدمت کے جذبے سے سرشار ہوئے۔

اب یہ جان کر قلبی مسرت ہوئی کہ حضرت مرحوم کے خطبات کا مجموعہ زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آ گیا ہے۔ میرے سامنے اس کی تیسری جلد ہے، جس کی ترتیب و تدوین کا شرف جناب مولانا محمد اشہد اعظمی اور مولانا توقیر عالم اعظمی دونوں نے حاصل کیا ہے۔ یہ کتاب مکتبہ ضیاء الکتب، خیرآباد ضلع مئو (یو۔پی) سے شائع ہوئی ہے۔

یہ جلد حضرت مرحوم کی چند منتخب اور نہایت اہم تقریروں پر مشتمل ہے۔ ان میں سے سات خطابات درسِ قرآن کے عنوان سے ہوئے تھے، جن میں سے چار دروس حضرت کی حیاتِ مبارکہ میں ماہنامہ ضیاء الاسلام میں شائع بھی ہو چکے تھے، اور ان کی تنقیح و تہذیب خود حضرت مرحوم نے فرمائی تھی۔ بقیہ تقریریں مرتبین نے حضرت کے محفوظ افادات سے جمع کی ہیں۔

خطباتِ اعجاز — ایک تعارف
خطباتِ اعجاز

میں نے ان خطبات کا مطالعہ کیا تو ان کی تاثیر اور ادبی وقار نے بے حد متاثر کیا۔ موضوعات نہایت جامع اور عصرِ حاضر کی دینی و فکری ضرورتوں کے عین مطابق ہیں۔ ان میں نمایاں عنوانات درج ذیل ہیں:

  1. امتِ مسلمہ میں اختلاف اور اس کی شرعی حیثیت
  2. بارگاہِ حق میں انعام و اکرام کے مستحق افراد
  3. گمراہی کے بنیادی اسباب
  4. اعمال کا محاسبہ اور آخرت کی تیاری
  5. سورۃ المنافقین کی تفسیر
  6. قلب و زبان کی نرمی
  7. اسوۂ رسول ﷺ
  8. مومن کے اوصاف و کمالات

اسی سلسلے کی آخری تقریر طلبہ سے خصوصی خطاب پر مشتمل ہے، جس میں علم کا مقصد، امتحان کی غرض و غایت، اور امتحانات کے موقع پر اکابر کے معمولات جیسے نہایت مفید اور بصیرت افروز مضامین شامل ہیں۔

واقعۃً حضرت مولانا اعجاز احمد اعظمیؒ کے یہ خطبات قلوب کی اصلاح، ذہنوں کی تربیت اور نفوس کی تطہیر کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ حضرت کے فیوض و برکات کو عام فرمائے، اور مرتبینِ کرام کو بہترین جزائے خیر سے نوازے جنہوں نے اس بیش قیمت علمی و روحانی سرمایہ کو محفوظ کر کے امت کے سامنے پیش کیا۔

یہ کتاب مجھے جناب مولانا ضیاء الحق عرف حاجی بابو کے فرزندِ ارجمند احمد کے ذریعے موصول ہوئی۔ میں ان کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں۔ موصوف حضرت مولانا اعجاز احمد اعظمیؒ کے سچے جانشین ہیں، جنہوں نے حضرت کے افادات کو مختلف طریقوں سے عام کرنے کی سعیِ جمیل انجام دی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس خالص دینی خدمت کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین۔

یہ بھی پڑھیں

Leave a Reply

FacebookWhatsAppShare