مانو آئی ٹی آئی دربھنگہ میں مولانا آزاد ڈے 2025 جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
دربھنگہ :
مانو آئی ٹی آئی (MANUU ITI) دربھنگہ میں مولانا آزاد ڈے 2025 نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر انجیاہ ادیپو، پرنسپل (انچارج) نے کی۔ اس موقع پر محکمۂ روزگار، حکومتِ بہار کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب نتیش کمار سنگھ مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ڈاکٹر فائز احمد، پرنسپل سی ٹی ای (CTE) دربھنگہ، اور پروفیسر شفایت احمد، پرنسپل کے ایم ایم ایس (KMMS) دربھنگہ مہمانانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔

مولانا آزاد ویک کے تحت ادارے میں مختلف تعلیمی اور غیر نصابی مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جن میں کوئز، مضمون نویسی، مباحثہ اور یادگاری لیکچرز شامل تھے۔ طلبہ کے لیے کرکٹ مقابلہ بھی رکھا گیا جس میں بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
تقریب میں پرنسپل آئی ٹی آئی، پروفیسر فائز احمد اور پروفیسر شفایت احمد نے یادگاری لیکچرز پیش کیے جن میں مولانا ابوالکلام آزاد کی علمی خدمات، تعلیم کے میدان میں ان کے وژن اور ملک کے نوجوانوں کے لیے ان کے نظریات پر روشنی ڈالی گئی۔
مہمانِ خصوصی نتیش کمار سنگھ نے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے محنت، مہارت اور معیاری تعلیم کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ ہنر مند نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو ٹول کِٹس بھی فراہم کیں اور آئندہ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا، جس کے بعد طلبہ اور اساتذہ کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔









