ہندی میں سب سے آسان ترجمہ قرآن (حافظی)
🖋️ آیت اللہ اعجازی
قرآن اللہ کا کلام ہے،اللہ تعالی نے اسے اپنے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اتارا ہے ؛ تاکہ لوگ ہدایت پا سکیں،سیدھے راستے پر چل سکیں،اچھے برے کی پہچان کر لیں،اسی پر عمل کرکے آدمی کامیابی پا سکتا ہے،یہی ایک واحد راستہ ہے ؛ اسی لیے یہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں ؛ بلکہ تمام انسانوں کے لیے انسٹرکشں مینوئل کی حیثیت رکھتا ہے ؛ لہذا اس کا پیغام جاننا تمام انسانوں کے لیے ضروری ہے ؛ مگر چوں کہ یہ قرآن عربی میں نازل ہوا ہے؛ اس لیے جو لوگ عربی نہیں جانتے ہیں وہ براہ راست اس سے استفادہ نہیں کر سکتے ہیں،ان کو ضرور اپنی مانوس زبان میں ترجمہ کی ضرورت پڑے گی؛ اس لیے الحمد للہ قرآن کریم کا ترجمہ دنیا کی تمام زبانوں میں ہو چکا ہے،ان میں سے ایک ہندی زبان بھی ہے،جو کہ ہندوستان کی قومی زبان ہے،اب ہندی زبان میں ایک نیا ترجمہ منظر عام پر آیا ہے،جس کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی ؛ کیونکہ وقت کے گزرنے سے زبانیں تبدیل ہو جایا کرتی ہیں،ہندی زبان کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے ؛ لہذا اس ضرورت کی تکمیل دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز استاذ حضرت ڈاکٹر مفتی اشتیاق احمد قاسمی صاحب نے سب سے آسان ترجمہ قرآن سے کی ہے،حضرت قرآن کریم کے ترجمہ و تفسیر میں اتھارٹی کی حیثیت رکھتے ہیں ؛ کیونکہ شروع زمانے سے قرآنی علوم پڑھاتے آ رہے ہیں ؛ شاید اسی لیے دارالعلوم دیوبند کے سابق صدر المدرسین اور شیخ الحدیث مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری صاحب نے یہ کام انہیں کے سپرد کیا،کئی سالوں کی محنت اور جد وجہد کے بعد یہ کام مکمل ہوا،ان کا اردو ترجمہ چند ہی مہینوں میں عوام خواص میں مقبول ترین لسٹ میں شامل ہو گیا اور ہاتھوں ہاتھ اس کے کئی ایڈیشن فروخت ہو چکے ہیں،

اب ان شاءاللہ اس کے ہندی ترجمہ کو بھی اللہ کی مدد سے ہر جگہ عام ہونا ہے ؛ کیونکہ اس میں بھی ان پہلوؤں کی رعایت کی گئی ہے،جو اردو ترجمہ میں کی گئی تھی،اس کی خصوصیات بھی اسی طرح کی ہیں،جیسے عام فہم ہے، الفاظ آسان ہیں،غیر مانوس نہیں ہیں، زبان کی تھوڑی سی واقفیت اسے سمجھنے کے لیے کافی ہے،یوں سلیس ہے کہ آدمی پڑھتا جائے اور سمجھتا جائے،جہاں سمجھنے میں پریشانی ہوتی وہاں بریکٹ میں سمجھاکر اس پریشانی کو دور کر دیا گیا ہے،حافظی قرآن مجید (۱۵ لائن والے) میں ہے،طباعت کافی عمدہ ہے،ایسا کہ ہاتھ میں آتے ہی چومنے اور گلے سے لگانے کا من کرے،غیر مسلمین کو ہدیہ دینے کے لیے نہایت موزوں ہے،جس کی وجہ سے آپ کسی کی ہدایت کا ذریعہ بن کر ایک بڑی کامیابی اپنے حصے میں کر سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن کو سمجھنے،اس کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کی توفیق دے۔ (آمین)
کتاب آرڈر کرنے کے لیے اس نمبر 9027498192 پر رابطہ کریں!






