بہار میں ووٹر ویریفکیشن کی آخری تاریخ
متعینہ تاریخ سے پہلے ویریفکیشن ضرور کرالیں
( مولانا ڈاکٹر ) ابوالکلام قاسمی شمسی
بہار میں اسمبلی انتخاب سے پہلے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کے ویریفکیشن کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ۲۶؍جون ۲۰۲۵ء سے شروع ہوگیا ہے ، اور ۲۵؍جولائی ۲۰۲۵ء تک جاری رہے گا۔اس مختصر سی مدت میں ۸؍ کروڑ ووٹروں کا ویریفکیشن کا کام ممکن نہیں لگ رہا ہے، ذرا سی سے چوک سے بڑی تعداد میں ووٹروں کا نام ووٹر لسٹ سے کٹ جانے کا اندیشہ ہے، جس کی وجہ سے اس پر سوالیہ نشان لگا کر اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، مگر الیکشن کمیشن اپنے فیصلہ پر قائم ہے، اس لئے ووٹر حضرات کو چاہئے کہ اعلان کے مطابق ووٹر ویریفکیشن میں حصہ لیں اور جلد ویریفکیشن فارم بھر کے ضروری دستاویز منسلک کرکے بی ایل او کے پاس جمع کردیں۔فارم کے ساتھ ۱۱؍ طرح کے دستاویز میں سے کوئی ایک دستاویز منسلک کریں ، وہ یہ ہیں ، پیدائش سرٹیفکیٹ کی کاپی ، پاسپورٹ کی کاپی ، منظور شدہ بورڈ ؍یونیورسٹی سے جاری میٹرک یا اعلیٰ ڈگری کی کاپی ، او بی سی؍ایس سی؍ ایس ٹی یا کسی ذات کا سرٹیفکیٹ کی کاپی وغیرہ ۔مذکورہ خیالات کا اظہارمولانا ڈاکٹرابوالکلام قاسمی شمسی نے اپنے بیان میں کیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹروں کی تین کیٹیگری میں منقسم کیا ہے ، وہ یہ ہیں: (۱) جس کی پیدائش یکم جولائی ۱۹۸۷ء سے پہلے ہوئی ہے۔ (۲) جس کی پیدائش یکم جولائی ۱۹۸۷ء سے ۲؍دسمبر ۲۰۰۴ء کے درمیان ہوئی ہو۔(۳) جس کی پیدائش ۲؍ دسمبر ۲۰۰۴ء کے بعد ہوئی ہے۔نمبر ایک میں درج جس کی پیدائش یکم جولائی ۱۹۸۷ء سے پہلے ہوئی ہے اگر اس کا نام ۲۰۰۳ء کے ووٹر لسٹ میں ہے ، تو ۲۰۰۳ء کے ووٹر لسٹ کی کاپی منسلک کی جائے ، اگر ۲۰۰۳ء کے ووٹر لسٹ میں نام نہیں ہے تو مذکورہ دستاویز میں سے کوئی ایک دستاویز منسلک کیا جائے ۔نمبر ۲ کے مطابق جس کی پیدائش ۲؍دسمبر ۲۰۰۴ء کے درمیان ہوئی ہے، وہ اپنے دستاویز کے ساتھ اپنے والد و والدہ میں سے کسی ایک کے دستاویز کی کاپی منسلک کریں ۔نمبر ۳ کے مطابق جس کی پیدائش ۲؍دسمبر ۲۰۰۴ء کے بعد ہوئی ہے، وہ اپنے دستاویز کے ساتھ والد اور والدہ دونوں کے دستاویز کی کاپی منسلک کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خبر کے مطابق دستاویز کے سلسلہ میں چھوٹ دے دی گئی ہے ، اگر فوری طور پر دستاویز مہیا نہیں ہے تو بغیر دستاویز کے ہی فارم بھر کر بی ایل او کے پاس جمع کردیں ، نیز ان لائن بھی فارم جمع کرنے کی سہولت دستیاب ہے ، البتہ دستاویز کے لئے کوشش کرتے رہیں ، کیونکہ بعد میں دستاویز جمع کرنا ضروری ہوگا۔یہ ویریفکیشن ضروری ہے، ویریفکیشن نہ ہونے کی صورت میں ووٹر لسٹ سے نام کٹ جائے گا، جس سے بہت سی دشواریاں پیدا ہوں گی، اس لئے کام کی اہمیت کوپیش نظر رکھتے ہوئے ہم سبھی کی ذمہ داری ہے کہ جلد خود اپنا ویریفکیشن فارم بھر کر جمع کریں۔ پڑھے لکھے لوگوں کو چاہئے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کریں جن کو مدد کی ضرورت ہے، بہتر ہوگا کہ شہر اور گاؤں کے ہر محلہ میں تحریک چلائی جائے اور لوگوں کی مدد کی جائے ، تاکہ سماج کا کوئی شخص ووٹر ویریفکیشن سے محروم نہ رہے۔