ماہنامہ حرف تازہ: نئی جہتوں کا فکری ترجمان
اسلم رحمانی
ادبی دنیا میں رسائل و جرائد ہمیشہ سے فکر و فن کے چراغ بردار رہے ہیں۔ جب بھی کسی زبان کو نئی توانائی، تازہ لہجہ اور فکری سمت درکار ہوئی، ادبی رسائل نے اس خلا کو پُر کیا۔ ایسے ہی خوش آئند ماحول میں ماہنامہ حرف تازہ، پٹنہ کا اجرا اہلِ ذوق کے لیے ایک مبارک پیش رفت ہے۔

یہ رسالہ اپنے نام ہی کی طرح تازہ فکر، نئی جہتوں اور ادبی شعور کی نمائندگی کرتا ہے۔ موجودہ عہد میں جب مطالعہ کا ذوق کم ہوتا جا رہا ہے اور سنجیدہ علمی و ادبی مواد کی قلت محسوس کی جا رہی ہے، ایسے میں حرف تازہ کا منظر عام پر آنا اردو زبان و ادب کے لیے نیک فال ہے۔ یہ امر نہایت مسرت بخش ہے کہ جلد نمبر: ایک،مارچ 2026، شمارہ نمبر:دو میں راقم الحروف کی طالب علمانہ کاوش(مضمون)”علامہ شوق نیموی کی شعری بصیرت” بھی شامل اشاعت ہے۔ اس عنایت، حوصلہ افزائی اور اعتماد پر مدیر اعلی مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی، مدیر مسئول غالب شمس قاسمی، رکن مجلس ادارات مولانا محمد نظر الہدی قاسمی سمیت مجلس ادارات، مجلس انتظامی اور مجلس مشاورت کے تمام معزز اراکین کا دلی شکریہ ادا کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔اس شمارے کی ایک نمایاں خوبی اس کا ادبی تنوع ہے، جس میں اداریہ، حمد، نعت، ایک غزل اور مختلف النوع موضوعات پر مشتمل کل آٹھ مضامین شامل ہیں، جن میں ایک مضمون راقم الحروف کا بھی ہے۔ یہ تنوع اس بات کا غماز ہے کہ رسالہ محض رسمی اشاعت نہیں بلکہ سنجیدہ علمی و ادبی روایت کے احیا کا عزم رکھتا ہے۔

حرف تازہ صرف ایک رسالہ نہیں بلکہ ایک فکری تحریک، علمی کارواں اور تہذیبی امانت بن سکتا ہے۔ ایسے رسائل نئی نسل کے اذہان میں مطالعہ کا ذوق بیدار کرتے ہیں، تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتے ہیں اور زبان و ادب کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہیں۔ یہ رسالہ نوجوان قلم کاروں کو پلیٹ فارم فراہم کر سکتا ہے، نئی تحریروں کو سمت دے سکتا ہے، اور علمی مباحث کو فروغ دے سکتا ہے۔آج کا زمانہ تیز رفتاری، ڈیجیٹل انقلاب اور فکری انتشار کا دور ہے۔ نئی نسل کے سامنے بے شمار مصروفیات اور ذرائع موجود ہیں، مگر سنجیدہ مطالعہ کا ذوق کمزور پڑتا جا رہا ہے۔ ایسے ماحول میں حرف تازہ جیسے رسائل نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ رسائل محض مضامین کا مجموعہ نہیں ہوتے بلکہ فکر و شعور کی تربیت گاہ ہوتے ہیں۔رسائل زبان کے خزانے کو محفوظ رکھتے ہیں، نئی تحریروں کو منظر عام پر لاتے ہیں، تنقیدی شعور کو جلا دیتے ہیں اور ادب کو سماج سے جوڑتے ہیں۔ جب کسی معاشرے میں رسائل زندہ ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں علمی نبض دھڑک رہی ہے۔ حرف تازہ اسی زندہ روایت کا ایک حسین اضافہ ہے۔ماہنامہ حرف تازہ ایک روشن امید، ایک علمی چراغ اور ایک ادبی آواز ہے۔ دعا ہے کہ یہ رسالہ روز افزوں ترقی کرے، نئے لکھنے والوں کو حوصلہ دے، اہلِ علم کو یکجا کرے، اور اردو ادب کی فضاؤں میں اپنے نام کی طرح ہمیشہ حرف تازہ بن کر جگمگاتا رہے۔






