نام کتاب: گناہوں سے بچیے
مصنف: مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
صفحات: 168
ناشر: مکتبہ ایلاف، دیوبند
تعارف نگار: ڈاکٹر مفتی اشتیاق احمد قاسمی ، مدرس دارالعلوم دیوبند
اللہ تعالیٰ نے انسانوں اور جنوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا ہے۔ بندوں کے لیے بندگی لازم ہے۔ اگر بندہ بندگی سے سرتابی کرتا ہے تو وہ گنہگار کہلاتا ہے۔ بڑی سرتابی بڑا گناہ ہے اور چھوٹی سرتابی چھوٹا گناہ ہے۔ ہر گناہ سے بچنا ضروری ہے، چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا۔ جس طرح اللہ تعالیٰ کی منع کی ہوئی چیزوں کا ارتکاب گناہ ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ کے احکامات کو چھوڑنا بھی گناہ ہے۔ شیطان انسان کا کھلا ہوا دشمن ہے، وہ اللہ کی نافرمانی پر اکساتا رہتا ہے۔ اسی طرح انسان کا نفس بھی اس کا دشمن ہے، جو اپنی خواہشات پر انسان کو چلانے کی کوشش کرتا ہے، لیکن یہ دونوں دشمن اتنے بااختیار نہیں ہیں کہ کسی کا ہاتھ پکڑ کر گناہ کروا دیں، بلکہ یہ ذہن میں بات ڈالنے، اکسانے اور ترغیب دینے تک محدود ہیں۔ انسان جب اپنی مرضی سے کسی برے کام کا ارتکاب کرتا ہے تو اپنے عمل کی وجہ سے مجرم ٹھہرتا ہے۔

میرے سامنے مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، نائب ناظم امارتِ شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ کی تصنیف ’’گناہوں سے بچیے‘‘ موجود ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے مختلف گناہوں کا تذکرہ کرکے ان سے بچنے کی تدابیر نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں بیان فرمائی ہیں۔ شرک، نفاق، ریاکاری، بدگمانی، بدنگاہی، بدمزاجی، تعصب، دھوکہ دہی، چغل خوری، چوری، قطع رحمی، تہمت، غیبت، ظلم، امانت میں خیانت، حرام خوری، جنسی بے راہ روی، شراب نوشی، جادو، سود، جوا اور سٹّا جیسے گناہوں کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کی بعض نئی برائیوں، مثلاً ٹرولنگ، جھوٹی خبروں کی اشاعت، اشتعال انگیز پیغامات اور فحش مواد کے پھیلاؤ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ اسی طرح اپریل فول کے نام پر جھوٹ بولنے اور یومِ عاشقی جیسی غیر اسلامی رسوم کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
کتاب کے آغاز میں ایک مقدمہ شامل ہے، جس میں مصنف نے گناہوں کے بنیادی اسباب اور ان کے مضر اثرات کا ذکر کیا ہے۔ ان کے نزدیک دین سے دوری، جہالت و نادانی، مال و دولت کی بے جا حرص، بری صحبت اور بے لگام جنسی خواہشات گناہوں کے اہم اسباب ہیں۔ نیز گناہوں کے نقصانات بیان کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا ہے کہ گناہوں کی وجہ سے انسان علم کی برکت سے محروم ہوجاتا ہے، اللہ تعالیٰ کی ناراضی اور سزا کا مستحق بنتا ہے، اور اس کی جسمانی و روحانی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔
مصنف کے نزدیک گناہوں سے بچنے کا سب سے مؤثر ذریعہ خوفِ خدا ہے۔ جب بندے کے دل میں اللہ تعالیٰ کا خوف پیدا ہوجاتا ہے تو وہ توبہ و استغفار کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کو اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے۔

مصنفِ محترم کو دارالعلوم دیوبند میں حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری رحمہ اللہ سے خصوصی تربیت حاصل رہی۔ ’’دین کی تبلیغ‘‘ کے عنوان پر انہوں نے حضرت کی نگرانی میں ایک رسالہ تحریر کیا تھا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے ان کے قلم میں ایسی روانی، برکت اور تاثیر عطا فرمائی کہ آج تک ان کی تصنیفی و علمی خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔
زیرِ تبصرہ کتاب بھی اصلاحِ نفس اور اصلاحِ معاشرہ کے متعدد پہلوؤں پر مشتمل ایک مفید تصنیف ہے۔ جو شخص اس کا مطالعہ کرے گا، وہ گناہوں سے بچنے کی بہت سی عملی تدابیر حاصل کرے گا اور اس کے اندر اللہ تعالیٰ کی بندگی اور اطاعت کا جذبہ پروان چڑھے گا۔ ساتھ ہی شیطان اور نفسِ امارہ کے بہکاووں سے محفوظ رہنے کی ترغیب بھی ملے گی۔
کتاب عمدہ کاغذ، معیاری طباعت اور اچھی کتابت سے مزین ہے۔ امید ہے کہ قارئین اسے ہاتھوں ہاتھ لیں گے اور اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔






