دربھنگہ میں اسلامی کوئز مقابلہ اور جلسۂ پیامِ سیرت کا انعقاد

دانی، دربھنگہ (پریس ریلیز): موجودہ دور میں نئی نسل کو دینی تعلیمات اور اسوۂ رسول ﷺ سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی عظیم مقصد کے پیشِ نظر معروف سماجی و ملی شخصیت مفتی محمد عبداللہ ندوی ایڈووکیٹ کی شب و روز کی کاوشوں اور خدمت ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ دانی (دربھنگہ) کے زیرِ اہتمام اسلامی کوئز مقابلہ 2026 (سیزن-3) اور جلسۂ پیامِ سیرت کا نہایت کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس منفرد علمی اور تربیتی پروگرام سے نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں میں زبردست نکھار آیا اور انہیں دینی معلومات کے حوالے سے بے پناہ فائدہ پہنچا، بلکہ عوام الناس کے اندر بھی سیرتِ طیبہ و تعلیمات نبویہ کے حوالے سے ایک زبردست بیداری اور شعور پیدا ہوا۔

دربھنگہ میں اسلامی کوئز مقابلہ اور جلسۂ پیامِ سیرت کا انعقاد 
دربھنگہ میں اسلامی کوئز مقابلہ اور جلسۂ پیامِ سیرت کا انعقاد

تفصیلات کے مطابق، 2 ستمبر 2026 کو دربھنگہ اور اطراف کے سات مختلف مراکز پر اس عظیم الشان کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں مختلف اسکولوں، کالجوں، مدارس اور مکاتب کے تقریباً 600 طلبہ و طالبات نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ شرکا کو عمر کے لحاظ سے تین گروپس (الف، ب اور ج) میں تقسیم کر کے بالترتیب 100، 200 اور 300 سوالات پر مشتمل نصاب دیا گیا تھا۔

نتائج کے مطابق گروپ (ج) میں شفا پروین (جامعہ ام الہدیٰ، پرسونی) نے اول، نغمہ خاتون (+2 ہائی اسکول، پنڈارچ) نے دوم اور ادیبہ (معہد ام المومنین میمونہ، اسراہا ) نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ گروپ (ب) میں منذر حیات (سڑھوارہ )اول اور صفت جبیں دوم رہیں، جبکہ یشفین خاتون اور ثوبیہ پروین نے یکساں نمبرات کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی، سب سے چھوٹی عمر کے گروپ (الف) کے 120 بچوں میں سے 23 ہونہار طلبہ نے صد فیصد (50 میں سے 50) نمبرات حاصل کر کے پہلا انعام اپنے نام کیا، جبکہ آئزہ پروین اور عدنان صدیقی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ان کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 ستمبر کو پیٹریوٹ پبلک اسکول (دانی) کے کیمپس میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس کی صدارت گجرات سے تشریف لائے مہمانِ خصوصی حضرت مفتی فاروق قاسمی (شیخ الحدیث جامعہ دار الاحسان، بارڈولی) نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں مفتی محمد عبداللہ ندوی ایڈووکیٹ اور ان کی پوری ٹیم کی محنتوں کو سراہتے ہوئے کہا: ”اسلامی کوئز کے حوالے سے میں نے متعدد پروگرام دیکھے ہیں، لیکن اس نوعیت کا منفرد، تعمیری اور معلومات افزا پروگرام اس سے قبل دیکھنے کو نہیں ملا۔ مفتی عبداللہ ندوی اور ان کے رفقاء یقیناً قابلِ رشک اور لائقِ تحسین کام انجام دے رہے ہیں۔” تقریب کی نظامت مفتی محمد عبداللہ ندوی ایڈووکیٹ اور مولانا ظفر احمد کیفی نے مشترکہ طور پر کی۔

اسی روز نمازِ مغرب کے بعد جلسۂ پیامِ سیرت کا انعقاد بھی عمل میں آیا، جس کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور مہتمم دارالعلوم بالاساتھ مولانا قاری حفظ الرحمٰن نے فرمائی۔ جلسے سے مفتی آفتاب عالم غازی، مفتی افتخار عالم قاسمی، مولانا کمال الدین قاسمی اور مولانا ظفر عالم کیفی نے خصوصی خطابات کیے، مقررین نے حاضرین پر زور دیا کہ بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی آ سکے، جلسے کی نظامت مفتی عارف قاسمی اور مفتی عبداللہ ندوی ایڈووکیٹ نے کی، اس کامیاب اور بابرکت پروگرام کا باقاعدہ اختتام صدرِ محفل کی رقت انگیز دعا پر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں

Leave a Reply